بنگلورو،6نومبر(آئی این ایس انڈیا؍ایس او نیوز)کرناٹک کی تین لوک سبھا اور دو اسمبلی سیٹوں کے ضمنی انتخابات میں کانگریس۔ جے ڈی یس اتحاد 4-1سے مقابلہ جیت لیاہے۔اس پر کانگریس نے پریس کانفرنس کرکے بی جے پی پر نشانہ لگایا ہے۔کانگریس لیڈر منش تیواری نے اسے کرناٹک میں منفی طاقتوں کا خاتمہ قرار دیا ہے۔اس دوران کانگریس نے مودی حکومت پر ریزرو بینک آف انڈیا کولے کربھی نشانہ سادھا۔کانگریسی لیڈر منیش تیواری نے کہا کہ حکومت ریزرو بینک کے پاس موجود 3.6لاکھ کروڑ کا استعمال 2019الیکشن سے پہلے ٹافیاں بانٹنے میں کر نا چاہتی ہے،مگر کانگریس آر بی آئی کی خود مختاری کی بلی نہیں چڑھنے دے گی۔منیش تیواری نے کہا کہ شاید آزاد ہندوستان کی تاریخ میں صرف ایک بارہوا تھا جب حکومت نے آر بی آئی سے کہاتھاکہ کچھ پیسہ ٹرانسفرکردیں۔ انہوں نے کہا کہ 8 نومبر کو رات8بجے نوٹ بندی کے تغلقی فرمان کیلئے وزیر اعظم نریندر مودی کو ملک سے معافی مانگنی چاہئے۔تیواری نے کہا کہ9 نومبر کو کانگریس نوٹ بندی کے خلاف ملک بھر میں مظاہرے کرے گی۔کرناٹک میں تین سیٹوں کے ضمنی انتخابات کے نتائج کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ آج کرناٹک سے اچھی خبر آئی، منفی طاقتوں کاآج کرناٹک میں خاتمہ ہواہے۔